انڈس اے آئی ویک ایونٹ ملک کے ٹیکنالوجیکل منظر نامے کو بدل دے گا، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انڈس اے آئی ویک ایونٹ ملک کے ٹیکنالوجیکل منظر نامے کو بدل دے گا، حکومت ملک میں نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔
ملک میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے منعقدہ انڈس اے آئی ویک 2026 کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انڈس اے آئی ویک 2026 کا افتتاح کیا۔
اسلام آباد میں انڈس اے آئی ویک 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات میں ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ کی فراہمی، ای لائبریریز کا قیام اور تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل اصلاحات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ عزم اور جوش کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، لاہور میں پہلا سیف سٹی منصوبہ اور ملک کی پہلی آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام بھی اسی دور کی اہم کامیابیاں ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹائزیشن سے محصولات کی وصولی میں شفافیت آئی جبکہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بندرگاہوں پر جدید سکینرز اور آلات نصب کیے گئے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں جدید علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان اب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں عالمی سطح پر قدم رکھنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے دیہی علاقوں تک رسائی حاصل کرتے ہوئے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور تکنیکی مہارتیں فراہم کیں جبکہ وفاق، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے اسکولوں میں اے آئی کا نصاب متعارف کروا دیا گیا ہے جو مستقبل کی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔