سری لنکن صدر کی وزیراعظم سے پاک بھارت میچ کھیلنے کی درخواست
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں سری لنکن صدر نے وزیراعظم سے سری لنکا میں ہونے والے پاک بھارت میچ کھیلنے کی درخواست کی۔
سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں منعقدہ پاک بھارت میچ کھیلنا چاہئیے، سری لنکا میں دہشتگردی کے دوران پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی اور پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دہشتگردی کے باوجود سری لنکا میں کرکٹ کھیلنے کے لیے دورے جاری رکھے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان میں بھی مشکل ادوار میں سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ جاری رکھی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ حال ہی میں بھی سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرکے پاکستانی قوم اور کرکٹ شائقین کے لیے ایک ناقابل فراموش اقدام اٹھایا، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کو T20 ورلڈ کپ کے پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کے ساتھ آئی سی سی کے ناروا سلوک کے بعد پی سی بی نے حکومت پاکستان کی ہدایت پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے اور بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔