لکی مروت: پولیس مقابلے میں ایس ایچ او جمیل خان کی شہادت سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب اشتہاری ہلاک 

خطرناک مجرم اشتہاری کفایت اللہ ولد حیات اللہ سکنہ براگی تجوڑی اپنے ٹھکانے پر موجود ہے

لکی مروت میں تھانہ تجوڑی کی حدود میں پولیس اور خطرناک مجرم اشتہاری کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او جمیل خان کی شہادت سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ہلاک ہوگیا، جبکہ پولیس پارٹی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ خطرناک مجرم اشتہاری کفایت اللہ ولد حیات اللہ سکنہ براگی تجوڑی اپنے ٹھکانے پر موجود ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے سپیشل پولیس ٹیم اور لکی مروت پولیس فوری کاروائی کے احکامات جاری کیے۔

اسپیشل پولیس ٹیم اور مقامی پولیس نفری نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ملزم کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔ پولیس کو دیکھتے ہی مجرم اشتہاری نے گرفتاری سے بچنے کی خاطر پولیس پارٹی پر بہ نیت قتل اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے حقِ خود حفاظتی کے تحت مؤثر اور بھرپور جوابی کاروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں مطلوب مجرم اشتہاری موقع پر ہلاک ہوگیا۔

ہلاک ہونے والا کفایت اللہ پولیس کو قتل، اقدام قتل اور دیگر درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ وہ مطلوب مجرم اشتہاری گل ناور کا بھائی بھی تھا اور ایس ایچ او جمیل خان کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔

ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کامیاب کاروائی پر پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Load Next Story