ای او بی آئی خواتین ملازمین کی 55 برس کی عمر کے بعد بھی پینشن میں شراکت تسلیم کرے،وفاقی محتسب
وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نے کہا ہے کہ ای او بی آئی خواتین ملازمین کی 55 برس کی عمر کے بعد بھی پینشن میں شراکت تسلیم کرے۔
وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی فوزیہ وقار نے ای او بی آئی کی خواتین ملازمین کے لیے بڑا فیصلہ جاری کیا ہے جس کے مطابق 55 برس کی عمر کے بعد ملازمت جاری رکھنے والی خواتین ای او بی آئی میں پینشن میں شراکت جاری رکھنے کی حق دار ہیں۔
فوسپاہ نے ای او بی آئی کو ہدایت دی کہ شکایت گزار کی مکمل شراکت مدت کو تسلیم کیا جائے۔
فوسپاہ کے مطابق قانون خواتین کو جلد پینشن لینے کا حق دیتا ہے، لیکن ضروری نہیں کہ خواتین 55 برس کی عمر میں لازمی ریٹائرڈ بھی ہوں۔ پینشن کے قابل عمر تک پہنچنے پر بیمہ شدہ حیثیت ختم نہیں ہوتی اور ای او بی آئی ایکٹ 1976 بھی خواتین کو 55 برس کے بعد ملازمت جاری رکھنے سے نہیں روکتا۔
فوسپاہ نے مزید کہا کہ مرد ملازمین کو 60 سال اور خواتین کو 55 برس تک ای او بی آئی میں شراکت کی اجازت دینا صنفی امتیاز ہے۔
ای او بی آئی نے 55 برس کی عمر کے بعد شراکت تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا، جس کے خلاف درخواست گزار نے فوسپاہ سے رجوع کیا تھا۔