ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز کی انگلینڈ کو 30 رنز سے شکست

ویسٹ انڈیز نے ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ سی مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی مسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی۔

ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈین بیٹرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا ڈالے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ردفورڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 42 گیندوں پر ناقابل شکست 76 رنز اسکور کیے۔ جیسن ہولڈر نے 33، روسٹن چیز نے 34 جبکہ شمرون ہٹ مائر نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی طرف سے جیمی اوورٹن اور عادل رشید نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 19 اوورز میں 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سیم کرن 43 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جبکہ فل سالٹ نے 30، جیکب بیتھل نے 33 اور جوس بٹلر نے 21 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے بولرز نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی، گڈاکیش موتی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ روسٹن چیز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس کامیابی کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ اس سے قبل وہ اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو بھی شکست دے چکی ہے۔

 

متعلقہ

Load Next Story