آئی فون 18 سے متعلق اہم معلومات لیک!
ایپل کے اگلے فلیگ شپ فون کی لانچ ابھی کئی ماہ دور ہے، لیکن ڈیوائس سے متعلق لیکس نے ابھی سے ہی بازار گرم کر دیا ہے۔
آئیے جانتے ہیں آئی فون 18 پرو میکس سے متعلق کیا افواہیں سامنے آئی ہیں۔
ڈیزائن میں بڑی تبدیلی نہیں
آئی فون 17 غیر معمولی طور کامیاب ثابت ہوا۔ ویبو کے معروف لیکر ’فکسڈ فوکس ڈیجیٹل‘ (جن کا ایپل سے متعلق اندازوں کا ریکارڈ فوربز کے مطابق خاصا مستند ہے) کا کہنا ہے کہ آئی فون 17 کی کمرشل کامیابی پر ایپل اندرونی طور پر ’جشن‘ منا رہا ہے۔ اسی لیے امکان ہے کہ آئی فون 18 سیریز کے ڈیزائن میں کوئی ڈرامائی تبدیلی نہیں ہوگی، جبکہ اصل اپ گریڈ اے 20 اور اے 20 پرو پروسیسرز ہوں گے۔
اسکرین سائز بھی وہی رہنے کی توقع ہے، اور پرو میکس ماڈل 6.9 انچ ڈسپلے کے ساتھ برقرار رہے گا۔
البتہ چند ہلکی مگر نمایاں تبدیلیوں کے امکانات ہیں:
- بیک گلاس پر ہلکا سا شفاف (ٹرانسپیرنٹ) فنش
- زیادہ یکساں ڈیزائن، ممکن ہے آئی فون 17 پرو کی متنازعہ ٹو ٹون بیک ختم کر دی جائے
- تین نئے رنگ: کافی براؤن، پرپل اور برگنڈی
فیس آئی ڈی اسکرین کے نیچے
یہ وہ تبدیلی ہے جس نے سب سے زیادہ دلچسپی پیدا کی ہے۔ بلومبرگ کے مارک گرمن اور ’دی انفارمیشن‘ دونوں کے مطابق آئی فون 18 پرو اور پرو میکس میں انڈر ڈسپلے فیس آئی ڈی دی جائے گی۔ یعنی سینسرز اسکرین کے نیچے کسی نمایاں کٹ آؤٹ کے بغیر ہوں گے۔
فرنٹ کیمرا بھی ممکنہ طور پر اسکرین کے اوپری بائیں کونے میں منتقل کر دیا جائے گا، جس سے سامنے کا پینل زیادہ صاف اور بغیر خلل کے دکھائی دے گا۔
کیمروں میں بڑا اپ گریڈ
آئی فون 18 پرو میکس میں کیمرہ اپ گریڈز سب سے زیادہ دلچسپ پہلو سمجھے جا رہے ہیں۔
فکسڈ فوکس ڈیجیٹل کے مطابق سب سے بڑی خبر مرکزی ریئر کیمرے میں ویری ایبل اپرچر کا اضافہ ہے، جو ایپل نے پہلے کبھی متعارف نہیں کرایا۔ اس فیچر سے لینس کا سائز فزیکلی تبدیل ہو سکے گا، جس سے فوٹوگرافروں کو ڈیپتھ آف فیلڈ اور کم روشنی میں کارکردگی پر زیادہ کنٹرول ملے گا۔ سام سنگ نے 2018 میں گلیکسی S9 میں یہ تجربہ کیا تھا جبکہ شیاؤمی بھی اس پر کام کر چکا ہے۔
دیگر متوقع کیمرہ اپ گریڈز میں درج ذیل شامل ہیں:
- ٹیلی فوٹو لینس میں تیز اپرچر، بہتر لو لائٹ فوٹوگرافی کے لیے
- تمام آئی فون 18 ماڈلز میں 24 میگا پکسل فرنٹ کیمرا
- پرو ماڈلز کے کم از کم ایک ریئر کیمرے میں مکینیکل آئرس
بیٹری پہلے سے زیادہ طاقتور
ایپل نے آئی فون 17 پرو میں پہلی بار پتلے ڈیزائن کے بجائے بیٹری کی گنجائش کو ترجیح دی اور نتائج شاندار رہے۔ آئی فون 18 پرو میکس میں یہ رجحان مزید آگے بڑھنے کا امکان ہے اور افواہیں بتاتی ہیں کہ اس میں 5000 ایم اے ایچ سے بڑی بیٹری دی جا سکتی ہے۔
صرف ای سِم والے ماڈلز میں اندرونی جگہ زیادہ ہونے کے باعث بیٹری 5200 ایم اے ایچ تک پہنچ سکتی ہے۔
یہ بھی قیاس آرائیاں ہیں کہ ایپل نئی سلیکون کاربن بیٹری ٹیکنالوجی اپنا سکتا ہے، جس سے کارکردگی اور ایفیشنسی مزید بہتر ہوگی۔
زیادہ طاقتور چپ
آئی فون 18 پرو میکس میں ایپل کی نئی اے 20 پرو چپ متوقع ہے، جوویفر لیول ملٹی چِپ ماڈیول ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگی۔ اس ٹیکنالوجی میں RAM کو براہ راست پروسیسر کے ساتھ ایک ہی ویفر پر ضم کیا جاتا ہے، جس سے رفتار میں اضافہ اور توانائی کی بچت ممکن ہوتی ہے کیونکہ مختلف چپس کے درمیان ڈیٹا ٹرانسفر کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔
دیگر ممکنہ ہارڈویئر فیچرز:
- ایپل کا نیا C2 موڈم، بہتر وائرلیس کنیکٹیویٹی کے لیے
- مکمل سیٹلائٹ فون صلاحیت، جو صرف ایمرجنسی تک محدود نہیں ہوگی
- 12 جی بی ریم (تجزیہ کار جیف پو کے مطابق)
قیمت میں اضافہ نہیں؟
اتنے فیچرز کے باوجود تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ایپل قیمت کو قابو میں رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس وقت آئی فون 17 پرو میکس امریکا میں1199 ڈالر ہے۔