نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ پر صارفین کی منتقلی کے فیصلے پرعمل درآمد روک دیا گیا

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی صدارت میں شروع ہوا

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی صدارت میں شروع ہوا جب کہ اجلاس میں سولر نیٹ میٹرنگ کو نیٹ بلنگ سے تبدیل کرنے کے فیصلے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی کردی گئی، اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کی۔ 

اقبال آفریدی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے نامناسب رویے پر کورم کی نشاندہی کر رہا ہوں۔

ڈپٹی اسپیکر نے اراکین کی گنتی کی ہدایت کردی اور اس کے بعد  کورم کے مکمل ہونے تک اجلاس کی کاروائی معطل کردی گئی۔

کورم مکمل ہونے پر اجلاس کی کارrوائی شروع ہوئی، وقفہ سوالات کے دوران معین پیرزادہ نے کے الیکٹرک کے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ پر کے دورانیے سے متعلق سوال کیا،  پارلیمانی سیکرٹری عامر طلال  نے جواب دیا کہ کے الیکٹرک کے سے متعلق الگ سوال پوچھ لیں تو تفصیلات فراہم کردی جائیں گی۔

پارلیمانی سیکرٹری کے جواب پر ایم کیو ایم اراکین نے احتجاج کیا،  ڈپٹی اسپیکر نے پارلیمانی سیکرٹری کو اگلے اجلاس میں تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی، عامر طلال نے کہا کہ  اگلے میں کے الیکٹرک سے متعلق تفصیلات فراہم کردی جائیں گی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں سولر نیٹ میٹرنگ کو نیٹ بلنگ سے تبدیل کرنے کے حکومتی فیصلے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا۔ توجہ دلاؤ نوٹس پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین نے پیش کیا۔

وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے میڈیا پر بحث جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالا میں اس معاملے پر اراکین کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی، قرارداد مسترد ہوئی اور ایوان بالا نے حکومتی مؤقف کی تائید کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ای سی سی نے سمری کی منظوری دی تاہم وفاقی کابینہ نے توثیق نہیں کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اس فیصلے پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2017 میں جب میں وفاقی وزیر تھا تو اس پالیسی کو متعارف کیا گیا تھا اور 2017 سے اب تک چار سے پانچ مرتبہ نیپرا اس میں ریگولیٹری تبدیلیاں لا چکا ہے۔ لوگوں نے ان ریگولیشنز کو اینٹی سولر قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا، پارلیمنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر مفصل بحث کی گئی ہے اور ہماری اپنی سیاسی جماعت سے بھی اس فیصلے کی مخالفت کی گئی۔ اراکین پارلیمنٹ نے پالیسی کو سولر پالیسی اور عام آدمی کے مفادات کے خلاف قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت سولر کی مد میں حجم تقریباً 20 سے 22 ہزار میگاواٹ کا ہے، جن میں سے 7000 میگاواٹ حجم کے صارفین سولر نیٹ میٹرنگ نظام سے جڑے ہیں۔ 2200 میگاواٹ انڈسٹریل، کمرشل اور گھریلو صارفین جبکہ 4800 میگاواٹ کے سولر پینلز لگائے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق 12 سے 14 ہزار میگاواٹ کے سولر صارفین کا نیٹ میٹرنگ فیصلے سے کوئی تعلق نہیں جبکہ 6 سے 7 لاکھ بجلی کے صارفین اس وقت نیٹ میٹرنگ پر ہیں۔

غزہ کے مغربی کنارے کے معاملے میں پاکستان غافل نہیں، اعظم نذیر تارڑ

قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ غزہ کے مغربی کنارے کے معاملے میں پاکستان غافل نہیں ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب سمیت نو ممالک نے مغربی کنارے پر بیان جاری کیا ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ اسرائیل کا مقبوضہ علاقے پر کوئی اختیار نہیں ہے اور وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ فلسطین سے متعلق پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور ہمارا آفیشل موقف سب کے سامنے ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔

Load Next Story