سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ گھر میں گر کر شدید زخمی، سر کی چوٹ کے باعث آئی سی یو میں داخل
سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اپنے گھر میں گر کر زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں ملٹری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نشان امتیاز(ملٹری)، ریٹائرڈ کی صحت کے بارے میں اہم بیان جاری کردیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اپنی رہائش گاہ پر گرنے کی وجہ سے چوٹ آئی، وہ اس وقت CMH میں زیر علاج ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق قمر باجوہ اپنی رہائش گاہ کے اندر پھسل گئے اور زخمی ہوگئے۔ انہیں علاج کے لیے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق انہیں فوری طوری پر اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کرایا گیا جب کہ ان کے زخموں کی شدت فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی تھی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں سابق آرمی چیف کے بہنوئی نعیم گھمن نے کہا کہ قمر باجوہ ’ننگے پاؤں تھے اور پھسل گئے اور ان کے سر پر چوٹ آئی"۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور تمام ضروری ٹیسٹ کرائے گئے، نعیم گھمن نے کہا کہ سابق آرمی چیف کی حالت ’’خطرے سے سو فیصد باہر‘‘ ہے۔
65 سالہ قمر باجوہ نے 29 نومبر 2016 سے 29 نومبر 2022 تک 10ویں چیف آف آرمی اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دیں، ان کی مدت ملازمت میں 2019 میں توسیع دی گئی۔
2022 کے آخر میں ریٹائر ہونے کے بعد سے، باجوہ زیادہ تر عوام کی نظروں سے دور رہے ہیں۔