حیدرآباد میں شادی پر اندھا دھند ہوائی فائرنگ، ویڈیو وائرل مگر پولیس تاحال خاموش
حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں شادی کی ایک تقریب اس وقت خوف و ہراس میں بدل گئی جب بارات کی آمد پر جدید خودکار ہتھیاروں سے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد افراد کھلے عام جدید اسلحہ لہرا کر فضا میں گولیاں برسا رہے ہیں جبکہ پس منظر میں اونچی آواز میں میوزک بج رہا ہے۔
فائرنگ کی تیز آوازوں سے پورا علاقہ گونجتا رہا، تاہم تقریب میں شریک افراد بظاہر بلا خوف و خطر اس عمل کو جاری رکھتے دکھائی دیے۔
حیران کن طور پر ویڈیوز کے وائرل ہونے کے باوجود فوری طور پر کسی گرفتاری یا مقدمے کی اطلاع سامنے نہیں آئی، جس پر شہری حلقے پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ عام شہری ایسا اقدام کرے تو فوری کارروائی ہوتی ہے، مگر بااثر افراد کے معاملات میں خاموشی اختیار کر لی جاتی ہے۔
ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کا کہنا ہے کہ ویڈیو کا فرانزک اور شناختی عمل جاری ہے، جلد ذمہ داروں کا تعین کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔