ایف سی بلوچستان کے زیر اہتمام تربت میں نوجوانوں کے روزگار سے متعلق سیمینار
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام تربت میں نوجوانوں کے روزگار سے متعلق سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
اس سیمینار کا مقصد جنوبی بلوچستان میں روزگار کی کمی کے تاثر کو دور کرنا اور کاروباری مواقع اجاگر کرنا تھا، سیمینار میں مقامی سیاسی و سماجی شخصیات، سول و سیکیورٹی حکام، اساتذہ، ڈاکٹرز، میڈیا نمائندگان اور طلباء کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
سیمینار میں مقررین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کاروباری مواقع موجود ہیں، نوجوان ہنر سیکھ کر خوداعتمادی کے ساتھ آگے بڑھیں، جنوبی بلوچستان میں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں ضرورت صرف مؤثر رہنمائی اور خوداعتمادی کی ہے۔
سیمینار میں روایتی اور ڈیجیٹل شعبوں میں دستیاب مواقعوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی، کامیاب مقامی کاروباری شخصیات کی جدوجہد نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا مثال بنی۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے تعلیم، ہنر، محنت اور مستقل مزاجی پر زور دیا، اختتامی سیشن میں سوال و جواب کے دوران نوجوانوں کی پُراعتماد شرکت کو سراہا گیا۔