لاہور جمخانہ کے انتخابات میں تاریخی ٹائی، دو پینلز کی 6،6 نشستیں

تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ دو مختلف پینلز برابر نشستیں لے کر سامنے آئے ہیں

لاہور:

لاہور جم خانہ کی مینیجمنٹ کمیٹی کے انتخابات میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سلمان صدیق، میاں مصباح الرحمن گروپ اور مناپلی بریکر پینل نے 12 میں سے 6،6 نشستیں حاصل کر کے برابری قائم کر دی۔

جمخانہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ دو مختلف پینلز برابر نشستیں لے کر سامنے آئے ہیں، جس کے بعد چیئرمین کے انتخاب کے لیے دلچسپ معرکہ متوقع ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے انتخاب میں تین مختلف پینلز کے مجموعی طور پر 39 امیدوار مدِ مقابل تھے۔ کلب کے تقریباً 55 سو ممبران میں سے 3158 ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا، جس سے انتخابی عمل میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر ہوئی۔

مناپلی بریکر پینل کے ڈاکٹر علی رزاق 1772 ووٹ لے کر سرفہرست رہے۔ سلمان صدیق 1733 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر کامیاب قرار پائے جبکہ میاں مصباح الرحمن نے 1700 ووٹ حاصل کیے۔

واجد عزیز خان 1693، کامران لاشاری 1637، سردار احمد نواز سکھیرا 1549 اور سرمد ندیم 1536 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

دیگر کامیاب امیدواروں میں ڈاکٹر جواد ساجد (1328)، تسنیم نورانی (1297)، میاں پرویز بھنڈارا (1268)، ضیاء الرحمن خان (1220) اور مسز سمیرا نذیر (1201) شامل ہیں۔

نتائج کے بعد دونوں گروپس کے درمیان چیئرمین کے عہدے کے لیے جوڑ توڑ اور مشاورت کا سلسلہ تیز ہونے کا امکان ہے۔

 

Load Next Story