خیبرپختونخوا میں تاریخ رقم، ایک نمبر پلیٹ 17 کروڑ 50 لاکھ روپے میں فروخت

خیبرپختونخوا حکومت نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے ایک ہی روز میں 47 کروڑ روپے کمالیے

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے تحت گاڑیوں کے من پسند چوائس نمبر پلیٹس کے منفرد منصوبے کی دوسری نیلامی میں خواہشمند بولی دہندہ گان نے قومیتی اور علاقائی ناموں کے نمبروں پر کروڑوں روپے کی شاندار بولی لگا دی۔

ایک ہی روز میں 47 کروڑ اور 3 لاکھ روپے کی مجموعی بولی دی گئی جس میں کل 30 نمبرات شامل تھے۔

ارینا ہال،قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقدہ نیلامی میں سب سے زیادہ بولی "داوڑ 1" چوائس نمبر پلیٹ پر 17 کروڑ اور 50 لاکھ روپے دی گئی جسے انضمام الحق نامی شہری نے خریدا۔

دوسری بڑی بولی "اورکزئی 1" نمبر پلیٹ پر دی گئی جسے سابق سنیٹر اور ایم پی اے اورنگزیب خان نے 4 کروڑ اور 10 لاکھ روپے میں خریدا۔

"وزیرستان 1" نمبر پلیٹ 4 کروڑ اور 6 لاکھ روپے میں نیلام ہوا جسے فیض الرحمان نے خریدا جبکہ "مہمند 1" چوائس نمبر پلیٹ 3 کروڑ اور 21 لاکھ روپے میں فروخت ہوا۔ نیلامی کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول عبدالحلیم خان،دیگر ڈائریکٹرز اور محکمہ ایکسائز کے افسران نے شرکت کی۔

نیلامی میں "باجوڑ 1" نمبر پلیٹ 3 کروڑ اور 35 لاکھ روپے میں عباس شاہ نے خریدا جبکہ "خیبر 1" نمبر پلیٹ 2 کروڑ اور 1 لاکھ روپے میں نیلام ہوا جو حاجی اختیار محمد نے خریدا, "محسود 1" نمبر پلیٹ 2 کروڑ اور 20 لاکھ روپے میں عباس خان محسود نے حاصل کیا جبکہ "گجر 1" نمبر پلیٹ 1 کروڑ اور 63 لاکھ روپے میں رضا خان گجر نے خرید لیا۔

"پشتون 1" نمبر پلیٹ 1 کروڑ اور 32 لاکھ روپے میں امیر اللہ نامی شہری نے خریدا۔"بونیر 1" چوائس نمبر پلیٹ 95 لاکھ میں ملک اسد خان،"مردان 1" حافظ شیر رحمان نے 68 لاکھ اور "دیر 1" محمد طاہر خان نے 67 لاکھ میں خرید لیا۔"جدون 1" سمیع اللہ نے 71 لاکھ اور "خلیل 1" گل زیب نے 65 لاکھ میں خریدا۔ "خٹک 1" محمد فیضان نے 61 لاکھ روپے جبکہ "تاج 1" فیاض احمد خان نے 42 لاکھ روپے میں خرید لیا۔

"کوہاٹ 1" نمبر پلیٹ 43 لاکھ روپے، "شیخ 1" کا نمبر 27 لاکھ روپے، "سوات 1" نمبر پلیٹ 30 لاکھ روپے،"ایبٹ آباد 1" نمبر پلیٹ 17 لاکھ، "مروت 1" نمبر پلیٹ 26 لاکھ روپے اور "سید 1" نمبر پلیٹ 33 لاکھ میں فروخت ہوا جبکہ "کلاچی 1" نمبر پلیٹ پر 25 لاکھ روپے کی بولی لگی۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخرِجہان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چوائس نمبر پلیٹس کا یہ منصوبہ ایک منفرد اور عوام دوست اقدام ہے، جو الحمدللہ عوام کی بھرپور دلچسپی کے باعث کامیاب رہا۔

انہوں نے کامیاب بولی دہندگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی درخواست اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں مزید من پسند چوائس نمبر پلیٹس کی بڈنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔

Load Next Story