پاسدارانِ انقلاب کا پاور شو، آبنائے ہرمز میں ایران کی بڑی جنگی مشقیں شروع

مشقوں کا مقصد آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا اور فوجی خطرات کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت کو پرکھنا ہے

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ’’اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز‘‘ کے نام سے بحری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ مشترکہ جنگی مشقیں اہم اسٹریٹجک علاقے میں کی جا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان مشقوں کی نگرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر محمد پاکپور کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مشقوں کا مقصد بحری یونٹس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا اور ممکنہ سکیورٹی و فوجی خطرات کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت کو پرکھنا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ان مشقوں میں آبنائے ہرمز، خلیج فارس اور بحیرۂ عمان کے علاقوں میں ایران کی جغرافیائی اور اسٹریٹجک اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دفاعی حکمت عملی کا عملی مظاہرہ بھی شامل ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مشقیں ایسے وقت میں شروع کی گئی ہیں جب امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں ایک اور طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کے اشارے سامنے آئے ہیں، جس کے باعث خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے، اور یہاں ہونے والی کسی بھی عسکری سرگرمی پر عالمی منڈیوں کی گہری نظر رہتی ہے۔

Load Next Story