جسٹس انعام منہاس کی سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی  کا کیس سننے سے معذرت

اپنے مؤکل کو سمجھائیں ایسے نہیں کرتے، میں یہ کیس اب نہیں سنوں گا، جسٹس انعام نے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی

نجف حمید محکمہ انسداد رشوت ستانی کو ایک مقدمہ میں مطلوب تھے۔

اسلام آباد:

ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے  سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی کا کیس سننے سے معذرت کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید  کی فراڈ کیس میں ضمانت بحالی کی درخواست پر نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق جسٹس راجا انعام امین منہاس نے ضمانت بحالی کا کیس سننے سے معذرت کرلی ہے۔

جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی  ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ وکیل صاحب اپنے موکل کو سمجھائیں ایسے نہیں کرتے ۔ ایسے نہیں ہوتا ، میں یہ کیس اب نہیں سنوں گا ۔

دوران سماعت نجف حمید اپنے وکیل بیرسٹر راجا قدیر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہونے والی گزشتہ سماعت پر سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کو فراڈ کیس میں بڑا ریلیف ملا تھا، جس کے تحت عدالت نے ان کی گرفتاری روک دی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسپیشل جج سینٹرل کے فیصلے پر آئندہ سماعت تک کارروائی معطل کرتے ہوئے پولیس کو نجف حمید کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے نجف حمید کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ فریقین سے جواب طلب کر کیا تھا۔

واضح رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے 16 جنوری کو نجف حمید کی ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق فیصلہ واپس لینے کی ایف آئی اے کی درخواست منظور کی تھی، جس کے بعد نجف حمید نے ضمانت منسوخی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور اسپیشل جج سینٹرل کی جانب سے 24 جنوری کو سنائے گئے ضمانت منسوخی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔

متعلقہ

Load Next Story