کراچی؛ کیمیکل فیکٹری کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا
کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں ولیکا چورنگی کے قریب واقع کیمیکل فیکٹری کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔
چیف فائر آفیسر ہمایو خان کے مطابق سائٹ ایریا ولیکا چورنگی کے قریب کیمیکل کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، ٓآگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ شروع کر دی گئی اور کولنگ کا عمل 10 سے 12 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔
انچارج آپریشن 1122 سعد بھٹو کے مطابق گودام میں لگنے والی آگ پر 8 کے ایم سی اور 4 ریسکیو 1122 کی گاڑیوں نے قابو پایا، آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈی سی کیماڑی امیر فضل کے مطابق ابتدائی طور پر 16 افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، فیکٹری میں 250 کے قریب ورکرز کام کرتے ہیں۔
واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ فیکٹری کے اندر موجود تمام افراد کو فوری ریسکیو کیا جائے اور امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریسکیو ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے میئر اور کمشنر کراچی کو ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کی وجوہات پر فوری تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔
حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔