سوشل میڈیا پر ججز کے خلاف بے بنیاد الزامات، توہین عدالت درخواست پر حکم نامہ جاری
فوٹو: فائل
وکیل کی جانب سے سوشل میڈیا پر ججز کے خلاف بے بنیاد الزامات کے کیس میں عدالت نے دائر توہین عدالت درخواست پر حکم نامہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے وکیل کے لائسنس معطل کردیے۔ وکیل کو وضاحت پیش کرنے کے لیے شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا۔
عدالت نے وکیل کو وکالت کرنے سے بھی روک دیا۔ حکم نامہ میں کہا گیا کہ سوات کبل کے وکیل لیاقت علی نے سوشل میڈیا پر جوڈیشل افسران کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے۔ پشاور ہائیکورٹ نے تحقیقات کے لیے فیک فائنڈنگ کمیٹی بنائی ، کمیٹی نے الزامات بے بنیاد اور جوڈیشل افسران پر دباؤ قرار دیے۔
مزید کہا گیا کہ وکیل کمیٹی کے سامنے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ وکیل کورٹ کا افسر ہوتا ہے ، عدلیہ کی تقدس اس پر فرض بنتاہے ، عوامی سطح پر ایسے بے بنیاد الزامات اور بیانات وکالت کے پیشے کے اقدار کے خلاف ہے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ وکیل نے نازیبا حرکت کی اور عدالت کو سکینڈلائز کرنے کی کوشش کی۔ وکیل کو توہین عدالت درخواست پر شوکاز نوٹس جاری کیا جاتاہے۔