عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ نے کرکٹر کی چیٹ لیک کردی
قومی کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے اپنے شوہر کی واٹس ایپ چیٹ لیک کردی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے 16 فروری کو سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ساتھ اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تھی۔
عماد وسیم نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ماضی کی زندگی، بچوں اور دوسری شادی سے متعلق تفصیلی پوسٹ کی۔
بعد ازاں، کرکٹر کی پہلی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے عماد وسیم پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2023 میں عماد نے لاہور میں میرے بچے کا اسقاط حمل کروا دیا تھا۔
گزشتہ روز، ثانیہ اشفاق نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عماد وسیم کے ساتھ ہونے والی واٹس ایپ چیٹ لیک کردی۔
کرکٹر کی سابقہ اہلیہ نے عماد وسیم کے ساتھ ہونے والی گفتگو سے متعلق متعدد اسکرین شارٹ شیئر کیے۔
مبینہ پیغامات میں کرکٹر نے خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ان (ثانیہ) سے یا اہلخانہ سے رابطہ کیا تو وہ قانونی کارروائی کریں گے۔
پوسٹ کے کیپشن میں ثانیہ اشفاق نے لکھا ’عماد وسیم کہتے ہیں کہ میں ان کے بچوں کو ان سے دور رکھتی ہوں لیکن جب میں حاملہ تھی تو اس دوران بھی ان سے میں نے ہی رابطہ کیا‘۔
انہوں نے مزید لکھا ’میں نے کچھ زیادہ نہیں مانگا تھا، صرف اتنا کہا کہ وہ آئیں اور اپنے ہونے والے بیٹے سے ملیں، وہاں موجود ہوں، خیال رکھیں، اور تھوڑی سی محبت دکھائیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم نے میری فکر اور حمایت کے بجائے مجھے دھمکی دی اور نے کہا اگر میں نے دوبارہ ان سے رابطہ کیا تو وہ میرے خلاف ہراسانی کا مقدمہ درج کریں گے۔