مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی سخت، بھارتی فورسز کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی میں اضافے کے یہ اقدامات خطے میں جاری سیاسی کشیدگی کے تناظر میں کیے جا رہے ہیں

مقبوضہ جموں و کشمیر میں پہلگام واقعے کے بعد سیکیورٹی اقدامات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز نے علاقے میں نئی چوکیاں قائم کی ہیں۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید 43 چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہر چوکی پر 25 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ سیکیورٹی کو مزید سخت بنایا جا سکے۔

اخبار کے مطابق ان میں سے 26 چوکیاں کشمیر ڈویژن جبکہ 17 جموں ڈویژن میں قائم کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی سینٹرل ریزرو فورس نے ان چوکیوں کے لیے خصوصی ساز و سامان بھی حاصل کیا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی میں اضافے کے یہ اقدامات خطے میں جاری سیاسی کشیدگی کے تناظر میں کیے جا رہے ہیں۔

ان کے مطابق کشمیر میں پہلے ہی سیاسی اور انسانی حقوق کے حوالے سے خدشات موجود ہیں اور سیکیورٹی اقدامات پر مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ خطے کی صورتحال پر عالمی برادری کی نظر ہے اور کسی بھی اقدام کے اثرات مقامی آبادی کی سیاسی اور سماجی زندگی پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

Load Next Story