وزیراعظم کی قطر کے وزرائے مملکت برائے دفاع اور تجارت سے ملاقاتیں

دوحا میں ہوئی ملاقاتوں کے دوران فریقین نے دوطرفہ دفاعی اور تجارتی تعاون کا جائزہ لیا

اسلام آباد:

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی نے دوحہ میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلۂ خیال کیا اور پاکستان اور قطر کے مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم اور وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔

شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص ایران اور افغانستان کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ سے ملاقات

قبل ازیں انہوں نے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان قطر تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، ڈاکٹر احمد بن محمد السید پاکستان قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں۔

وزیراعظم نے دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور قطر کو پاکستان کی برآمدات خاص طور پر زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ اشیاء کی برآمدات کو متنوع بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فالو اپ پر تبادلہ خیال کیا اور طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے پاکستان کی سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی، ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقین نے رمضان المبارک کے دوران دونوں ممالک کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس سرمایہ کاری کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔

Load Next Story