ایف آئی اے نے تحقیقات کیلیے طلب کیا اور نہ ہی کمپنی نامزد ہے، ترجمان
فوٹو: فائل
نجی کمپنی نے ایف آئی اے کے کسی بھی کیس میں نامزد یا زیر تفتیش ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔
Z2C نے واضح کیا ہے کہ زیر تفتیش معاملے سے کمپنی کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کمپنی کو کسی بھی سطح پر ایف آئی اے نے طلب کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ خبروں میں جس فرد کا ذکر کیا جا رہا ہے، اس نے مبینہ طور پر جو بھی اقدامات کیے وہ اس کی ذاتی حیثیت میں تھے اور ان کا کمپنی کے کاروبار، مالی معاملات، صارفین یا آپریشنز سے کوئی تعلق نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس معاملے میں کمپنی کا سسٹم، اکاؤنٹ یا فنڈز کا استعمال نہیں ہوا۔
کمپنی نے بتایا کہ ادارہ جاتی پالیسی کے مطابق مذکورہ فرد کو فوری طور پر تمام ذمہ داریوں سے معطل کر دیا گیا ہے اور قانونی کارروائی اور اندرونی جائزہ مکمل ہونے تک یہ معطلی برقرار رہے گی۔
Z2C نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کمپنی تمام مالی لین دین بینکاری نظام اور متعلقہ قوانین کے مطابق انجام دیتی ہے اور ایک مکمل طور پر ضابطوں کی پابند تنظیم ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔