پاسپورٹ قوانین میں اہم تبدیلی، خواتین اب شوہر کی جگہ والد کا نام درج کراسکیں گی
حکومتِ پاکستان نے پاسپورٹ کے قوانین میں اہم تبدیلی کر دی ہے جس کے تحت شادی شدہ خواتین اب اپنی مرضی سے والد کا نام اپنے پاسپورٹ میں درج کرا سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ خواتین کی آزاد قانونی شناخت اور وقار کو مضبوط بنانے کے مقصد سے پاسپورٹ قواعد و ضوابط میں ترمیم کے ساتھ نافذ کیا گیا ہے۔
ماضی میں عام طور پر شادی شدہ خواتین کے پاسپورٹ میں شوہر کا نام درج ہوتا تھا، جو خواتین کے لیے قانونی اور شناختی مسائل پیدا کرتا تھا۔ اب نئی پالیسی کے تحت خواتین اپنی خواہش کے مطابق والد کا نام پاسپورٹ میں رکھ سکتی ہیں۔
یہ اصلاح لاہور ہائی کورٹ کے حکم اور سرکاری اقدامات کے بعد کی گئی، جس میں عدالت نے خواتین کو اپنی شناخت کے حق میں زیادہ اختیار دینے کی تاکید کی تھی۔
وزارتِ داخلہ اور پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے سافٹ ویئر اور نظام میں ضروری اپڈیٹس کر کے یہ تبدیلی لاگو کر دی ہے۔