اسلام آباد: جعلی ڈگریوں پر سرکاری نوکری حاصل کرنے والے سی ڈی اے کے 28 ملازمین گرفتار
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جعلی ڈگریوں پر سرکاری نوکری حاصل کرنے والے سی ڈی اے کے 28 ملازمین کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان کو قبل از گرفتاری ضمانتیں مسترد ہونے پر گرفتار کیا گیا، گرفتار ملازمین بی پی ایس 5 سے 14 تک مختلف عہدوں پر تعینات تھے۔
ملزمان کیخلاف جعلی تعلیمی اسناد جمع کرا کے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن میں درج ہے، ملزمان پر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور میرٹ کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق بھرتی کمیٹی اور ویریفکیشن حکام کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں، سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
قبل ازیں اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد ہمایوں دلاور نے بوگس دستاویزات بنانے کے کیس میں سی ڈی اے کے 22 ملازمین کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے 19 ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کر دیں۔
محمد اسلم ، امجد علی اور محمد نذیر کی ضمانت کی درخواستیں عدالت نے منظور کر لیں، سی ڈی اے ملازمین کے خلاف بوگس سرٹیفیکیشن کی بنیاد پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا تھا۔