لاہور: کالج جانے والی طالبہ کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار
سندر میں کالج جانے والی طالبہ کو ہراساں کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ملزم نازیبا حرکات اور آوازیں کستے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، متاثرہ طالبہ کے شور مچانے پر اہلِ علاقہ موقع پر جمع ہوئے اور فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی۔
شکایت موصول ہوتے ہی ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوری رسپانس دیتے ہوئے متعلقہ پولیس ٹیم کو موقع پر روانہ کیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کیا اور مقدمہ درج کر لیا۔
سیف سٹی کی خاتون افسر نے متاثرہ طالبہ سے رابطہ کر کے اسے مکمل تحفظ اور قانونی کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے اب تک 8 لاکھ سے زائد شکایات پر بروقت کارروائی کی اور خواتین کو فوری ریلیف فراہم کیا ہے۔ کسی بھی ہراسانی یا ایمرجنسی کی صورت میں خواتین فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتی ہیں۔