لاہور میں گھریلو جھگڑے پر بیوی کو قتل کرنے والا شوہر سیالکوٹ سے گرفتار
فوٹو: فائل
شاہدرہ کے علاقے میں اپنی بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والا ملزم سیالکوٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے قتل کی سنگین واردات کا نوٹس لیا تھا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی تیز کر دی اور انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شاہدرہ رانا عمر دراز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
ملزم نے گھریلو جھگڑے پر اپنی بیوی عطیہ بی بی کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا تھا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ بعد ازاں عطیہ بی بی چند روز تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئی تھی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ گھریلو جھگڑے کے بعد اپنے والدین کے پاس رہائش پذیر تھی۔ ملزم واردات کے بعد سیالکوٹ فرار ہو کر روپوش ہو گیا تھا، جسے مختلف معلومات اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے سیالکوٹ سے گرفتار کیا گیا ۔