وزیراعظم کا لبنانی ہم منصب کو فون، اسرائیلی جارحیت کے خلاف اظہار یکجہتی

وزیراعظم شہباز شریف نے نواف سلام کو امن کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کی پیش کش کی

فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب نواف اسلام کو فون کرکے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اظہار یک جہتی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ لبنان کے وزیراعظم نواف سلام سےٹیلیفونک رابطہ ہوا اور گفتگو کے دوران لبنان کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے اسرائیلی حملوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور لبنانی عوام کے ساتھ پاکستان کی یک جہتی کا اعادہ کیا۔

پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے لبنانی قیادت کو لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور امن کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کی پیش کش کی۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیل کے حملوں اور برادر خلیجی ممالک پر جوابی حملوں کے بعد خطے میں حالیہ کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا اور انہوں نے جلد از جلد خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نواف سلام نے اس مشکل وقت میں لبنان کے ساتھ اظہار یک جہتی پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

Load Next Story