نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز گرفتار
امریکی پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز کو امریکی شہر لاس اینجلس میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزم میں گرفتار کرلیا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 44 سالہ گلوکارہ کو بدھ کی رات وینٹورا کاؤنٹی شیرف ڈپارٹمنٹ نے نشے کی حالت میں گرفتار کیا تھا۔
تاہم، انہیں جمعرات کی صبح پولیس حراست سے رہا کر دیا گیا، جس کی تصدیق قانونی دستاویزات اور امریکی میڈیا رپورٹس میں کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 4 مارچ کی شام کیلیفورنیا ہائی وے پٹرول کو ایک سیاہ رنگ کی بی ایم ڈبلیو کے بارے میں اطلاع ملی جو تیز رفتاری سے چل رہی تھی، پولیس نے گاڑی کو روکا تو گاڑی میں موجود واحد شخص برٹنی اسپیئرز تھیں۔
انہیں تقریباً صبح 3 بجے وینٹورا کاؤنٹی شیرف آفس میں بُک کیا گیا اور تقریباً صبح 6 بجے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ ایک افسوسناک واقعہ تھا جو بالکل ناقابلِ قبول ہے جب کہ گلوکارہ نے قانون کی مکمل پاسداری کی یقین دہانی کروائی ہے، امید ہے اس سے ان کی زندگی میں کچھ تبدیلی آئے گی۔
واضح رہے کہ برٹنی اسپیئرز کو 1990 کی دہائی کے آخر میں اپنے مشہور گانے ’بے بی ون مور‘ سے شہرت ملی، تاہم حالیہ برسوں میں وہ موسیقی سے کافی حد تک دور رہی ہیں۔