نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششیں، عالمی رہنماؤں سے رابطے

اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا

فوٹو: فائل

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال کے تناظر میں ایران کے وزیرخارجہ سمیت مختلف عالمی رہنماؤں اور تنظیموں کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے مشاورت کی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ شرلی بوچوی سے گفتگو کی اور کہا کہ خطے میں جاری صورت حال کے باعث وہ لندن میں ہونے والے کامن ویلتھ منسٹریل ایکشن گروپ اور دولت مشترکہ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر کو اپنی نمائندگی کی اجازت دے دی ہے اور 9 مارچ کو منائے جانے والے یوم دولت مشترکہ کے موقع پر دولت مشترکہ ممالک کو مبارک باد بھی دی۔

ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری محمد حاجی حسن سے بھی رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کی امید کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان سے بھی گفتگو کی اور دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے حالیہ حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کے ساتھ پاکستان کی جانب سے مکمل یک جہتی کا اظہار کیا۔

اسی سلسلے میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) جاسم محمد البدوی سے بھی گفتگو کی، دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کی مضبوط شراکت داری اور یکجہتی کو سراہا۔

اسحاق ڈار کا ایرانی وزیرخارجہ سے رابطہ

اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کے تمام رابطوں میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، مکالمے کو فروغ دینے اور امن و استحکام کے لیے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

Load Next Story