ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ؛ کس ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

بھارتی کرکٹ ٹیم تیسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی

عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 میں اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم پر ڈالرز کی بھی بارش ہوگئی جبکہ فاتح ٹیم  نے کئی نئے ریکارڈز بھی بنا ڈالے۔

آئی سی سی نے عالمی کپ میں  اس مرتبہ  13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم رکھی تھی،فاتح ٹیم بھارت  کو ٹرافی کے ساتھ 30 لاکھ ڈالرز دیے گئے ،رنر اپ نیوزی لینڈ کو 16 لاکھ ڈالرز کی رقم حاصل ہوئی، سیمی فائنل میں شکست کھانے والی جنوبی افریقا اور انگلینڈ کو فی ٹیم 9 لاکھ 60 ہزار ڈالرز ملے۔

 5سے 12 ویں پوزیشن پر براجمان ہونے والی ٹیموں کو فی کس ساڑھے 4لاکھ ڈالرز دیے گئےجبکہ عالمی کپ میں ہر ٹیم کو شرکت پر 3،3 لاکھ ڈالرز  کی رقم بھی ملی۔

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم تیسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی، بھارت نے 2007 میں پاکستان کو شکست دے کر جنوبی افریقا میں ہونے والا پہلا عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ  جیتا تھا، بھارت نے دوسری بار  امریکا اور ویسٹ انڈیز کے اشتراک سے ہونے والا عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ2024 میں جنوبی افریقا کو قابو کر کے اپنے نام کیا تھا۔

 اب بھارت نے  تیسری مرتبہ عالمی کپ کی میزبانی کرتے ہوئے اپنی ہی سرزمین پر نیوزی لینڈ کو زیر کر کے عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا، بھارت چوتھی مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا۔

بنگلا دیش میں ہونے والے عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ 2014 کے فائنل میں بھارت کو سری لنکا نے شکست دی تھی،بھارت نے عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ 2026 کے فائنل میں 255 رنز جوڑ کر نیا ریکارڈ بھی بنایا۔

 بھارتی کی ٹیم عالمی کپ کے فائنل میں 200 رنز عبور کرنے والی پہلی ٹیم بنی جبکہ اس نے عالمی کپ  2024  کے فائنل میں سب سے زیادہ 176 رنز کا اپنا ہی سب سے بڑا ریکارڈ بھی توڑا۔

متعلقہ

Load Next Story