کراچی؛ بے لگام ہیوی ٹریفک نے مزید 3 زندگیوں کے چراغ گل کردیا، خواتین سمیت متعدد افراد زخمی

شہر میں ہیوی ٹریفک سے پیش آنے والے مسلسل حادثات نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کردیا ہے


فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی:

شہر قائد میں ہیوی ٹریفک ایک بار پھر شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بن گئی جہاں مختلف علاقوں میں ٹرالر، ڈمپر اور واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 3 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

موچکو کے علاقے بلدیہ حب ریور روڈ شارجہ شاپنگ مال کے قریب تیز رفتار کنٹینر سے لدے چھ ویلر ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو کچل دیا، حادثے کے نتیجے میں 40 سالہ فضل محمد موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ان کی اہلیہ 35 سالہ آغا بی بی اور ان کی دو کمسن بیٹیاں 3 سالہ افسانہ اور 5 سالہ رخسانہ شدید زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ حادثے کا ذمہ دار ٹرالر کا ڈرائیور اور کلینر ٹرالر چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے ٹرالر تحویل میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

ادھر ملیر کے علاقے میمن گوٹھ تھانہ شاہ لطیف کی حدود میں مائی نیاٹی درگاہ کے قریب ڈمپر اور رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی الطبری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

ایس ایچ او تھانہ شاہ لطیف ممتاز مروت کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت عزیزہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ متوفیہ کی بیٹی مریم اور رکشہ ڈرائیور غلام علی زخمی ہیں، حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اسی طرح منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی ابراہیم مسجد کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

ایدھی ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 18 سالہ عبداللہ ولد بخت علی کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی تاہم ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

حادثےکی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حادثہ ٹینکر ریورس کرتے ہوئے پیش آیا، ٹینکر سڑک کنارے آکر رکا اور ریورس ہونے لگا، اسی دوران موٹرسائیکل سوار عبداللہ بھی ٹینکر کے پیچھےآکر رک گیا جبکہ پیچھے آتے ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو روند ڈالا۔

فوٹیج میں نظر آرہا ہے کہ قریب سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار نے ریورس کرتے ٹینکر ڈرائیور کو روکا اور واقعے کے بعد لوگ جمع ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ حارڈے کا ذمہ دار ٹینکر ڈرائیور فرار ہوگیا ہے تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔

خیال رہے کہ شہر میں ہیوی ٹریفک سے پیش آنے والے مسلسل حادثات نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کردیا ہے، ہیوی ٹریفک سے بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام اور حادثے کا سبب بننے والے ہیوی ٹریفک کے ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی میں ٹریفک پولیس بری طرح ناکام دیکھائی دے رہی ہے۔

مقبول خبریں