کراچی اور لاہور میں امریکی قونصل خانوں کی سروسز تاحال معطل
کراچی اور لاہور میں امریکی قونصل خانوں کی سروسز بدستور معطل ہیں جبکہ متعدد ویزا اپائنٹمنٹس بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق آج سے 13 مارچ تک کی امیگرنٹ اور نان امیگرنٹ ویزا اپائنٹمنٹس منسوخ کر دی گئی ہیں۔ سفارتخانے کا کہنا ہے کہ متاثرہ درخواست دہندگان کو نئی اپائنٹمنٹ کے حوالے سے ہدایات ای میل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کے لیے معمول اور ہنگامی قونصلر سروسز جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی امریکی حملے میں شہادت کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے تناظر میں امریکی سفارتخانے نے ملک میں قائم قونصل خانوں کی بعض سروسز عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ادھر پاکستان میں مقیم امریکی شہریوں کو مقامی حالات سے باخبر رہنے، خبروں پر نظر رکھنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔