لاہور: گلی میں کھیلتا بچہ نالے میں گر کر جاں بحق
لاہور کے علاقے رائیونڈ میں کمسن بچے کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گلی میں کھیلتا بچہ نالے میں گر کر جاں بحق ہوگیا، ٹی ایچ کیو اسپتال رائیونڈ نے بچے کی موت کی تصدیق کردی جبکہ جاں بحق بچے کی شناخت 5 سالہ فہد بلال کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس پی صدر سے فوری رپورٹ طلب کرلی اور کھلے مین ہول کے باعث پیش آنے والے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا۔ انہوں نے غفلت کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت بھی کی۔
پولیس تھانہ رائیونڈ نے قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ یاسین اور زین پر الزام ہے کہ انہوں نے گٹر سیوریج کا پانی ڈالنے کے لیے مین ہول کھولا تھا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مزید شواہد اور ذمہ داران کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کھلے مین ہولز اور نکاسی آب کے خطرناک مقامات کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کو بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔