اسرائیل کے لبنان پر رات گئے شدید حملے، 6 افراد جاں بحق
اسرائیل نے رات گئے لبنان کے مختلف علاقوں پر شدید فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملوں کے بعد کئی مقامات پر آگ لگ گئی اور دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حزب اللہ اور ایران نے اسرائیل کے خلاف پہلا مربوط اور مشترکہ حملہ کیا ہے۔ ان کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب دونوں فریقین نے مل کر کارروائی کی۔
ایرانی حکام نے بھی اسرائیل پر مشترکہ حملے کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب تقریباً 150 راکٹ فائر کیے گئے۔
ادھر حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں اسرائیل کے دارالحکومت کے قریب واقع فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں تل ابیب کے نواح میں قائم ملٹری انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر بھی شامل ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اور مشرق وسطیٰ میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔