وارسک فرنٹیئر کور سینٹر (نارتھ) میں شاندار پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد
وارسک فرنٹیئر کور سینٹر (نارتھ) میں بنیادی فوجی تربیت کے 36 ویں کورس کی شاندار پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
مجموعی طور پر 1350 ریکروٹس نے کامیابی کیساتھ اپنی تربیت مکمل کی جس میں سے 500 جوانوں نے اسپیشل آپریشنز فورس میں شمولیت اختیار کرلی۔ فرنٹیئر کور کے 29 چاق وچوبند جوانوں نے 15 منٹ تک تھری نا تھری رائفل کیساتھ انتہائی اعلیٰ مہارت اور شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، آئی جی ایف سی (نارتھ) نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تربیت کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس کو شیلڈز اور اعزازی شمشیر سے نوازا۔
ریکروٹ جمیل الدین نے تمام شعبوں میں مجموعی بہترین کارکردگی دکھائی اور پہلی پوزیشن حاصل کر کے اعزازی شمشیر اپنے نام کی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، ریکروٹس کے اہل خانہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی۔