نواز الدین صدیقی نے بالی ووڈ کی حقیقت بیان کرکے نئی بحث چھیڑدی

اداکار کی موجودہ دور میں بننے والی فلموں کو جعلی قرار دیتے ہوئے سخت تنقید

فوٹو : فائل

بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے ہندی انڈسٹری سے متعلق  ایک واضح اور دو ٹوک بیان نے ہندی سینما میں سچائی اور کہانی بیان کرنے کے انداز پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی نے بھارتی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران موجودہ دور میں بننے والی فلموں کو جعلی قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جعلی فلمیں ہندی سینما کی سمت متعین کر رہی ہیں، اور آج کے دور میں ناظرین ان کہانیوں کے پیچھے چھپی حقیقت کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سماج کو غلط سمت میں لے جانے کی ضرورت نہیں ہے، سچائی بہت اہم ہے اور آج کے دور میں ہر شخص سچائی جانتا ہے، جس طرح کی فلمیں بن رہی ہیں، ان کے پیچھے کی حقیقت آپ جانتے ہیں، لیکن آپ اس پر بات نہیں کرتے۔

اداکار سے پوچھا گیا کہ عالمی کشیدگی کے اس دور میں کیا فلم سازوں کو سینما کے ذریعے معاشرے کی رہنمائی کرنی چاہیے؟

جس پر نوازالدین صدیقی نے کہا کہ آج کل لوگ دنیا بھر کے واقعات پر گہری نظر رکھتے ہیں اور یہ بھی سمجھتے ہیں کہ مختلف بیانیے کس طرح تشکیل دیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں جھوٹی فلمیں بن رہی ہیں، جعلی فلمیں بن رہی ہیں اور یہ سب جانتے ہیں۔ دنیا میں کیا ہو رہا ہے، سب کو معلوم ہے۔ اصل سچائی کیا ہے، یہ بھی سب جانتے ہیں۔ کون سا جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے اور کون سا بیانیہ بنایا جا رہا ہے، سب اس کے بارے میں آگاہ ہیں۔

ان کے اس بیان نے ایک بار پھر بالی ووڈ میں اس پرانی بحث کو زندہ کر دیا ہے کہ آیا سینما کا مقصد صرف تفریح فراہم کرنا ہے یا اسے حقیقت کے قریب بھی رہنا چاہیے۔

 

متعلقہ

Load Next Story