وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کراچی میں بارش کے بعد انتظامیہ متحرک

وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ٹیموں نے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا

مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی میں بارش کے بعد انتظامیہ فوری طور پر متحرک ہوگئی اور ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا۔

کمشنر کراچی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ٹیموں نے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔

شہر میں گرنے والے درختوں، سائن بورڈز اور عمارتوں سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کرلیا گیا جبکہ شاہراہوں سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک کے لیے راستے کھول دیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق بارش 18 مارچ کی شام 7 بجے سے رات 12 بجے تک جاری رہی اور مختلف علاقوں میں 2 سے 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوئے۔

سب سے زیادہ نقصان کیماڑی کے علاقے بلدیہ میں ہوا جہاں 13 افراد جان سے گئے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں درخت، سائن بورڈز اور بجلی کے کھمبے گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سڑکوں سے درخت فوری طور پر ہٹا دیے گئے اور ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہے جبکہ کسی علاقے میں پانی جمع ہونے یا ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں مسلسل کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Load Next Story