حیدری مارکیٹ میں واقع شوروم کے منیجر نے خود کو گولی مار کرخود کشی کرلی

متوفی کی شناخت 35 سالہ رانا محمد ثاقب ولد صدیق کے نام سے کی گئی

نارتھ ناظم آباد حیدری مارکیٹ میں واقع ملبوسات کے شوروم کے منیجر نے خود کو گولی مار کرخود کشی کرلی۔

 تفصیلات کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پولیس نے خود کشی کی وجہ مالی پریشانی قراردی ہے۔ حیدری مارکیٹ تھانے کےعلاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ حیدری مارکیٹ میں واقع ملبوسات کے شوروم میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اورمتوفی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی جبکہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔

متوفی کی شناخت 35 سالہ رانا محمد ثاقب ولد صدیق کے نام سے کی گئی، متوفی رانا ثاقب ملبوسات کے شوروم میں بطورمنیجرملازمت کرتا تھا اورمیٹرک بورڈ آفس کے قریب کا رہائشی تھا۔

ایس ایچ اوحیدری مارکیٹ محمد عارف نے ایکسپریس کو بتایا کہ متوفی راناثاقب نے ملبوسات کے شوروم میں تعینات سیکیورٹی گارڈ کے اسلحہ سے خود کوگولی مارکرخود کشی کی۔

ملبوسات کے شوروم میں تعینات سیکیورٹی گارڈ گزشتہ روزچھٹی پرتھا ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق متوفی نے مالی پریشانیوں سے تنگ آکر خود کشی ہے۔

Load Next Story