پی ڈی ایم اے نے سندھ میں بارش اور تیز ہوائوں کا الرٹ جاری کردیا
فوٹو: فائل
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) سندھ نے صوبے بھر میں بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے حکام اور عوام سے احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان محکمہ موسمیات نے سندھ میں 25 اور 26 مارچ کے ساتھ ساتھ 28 اور 29 مارچ کو بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، سکھر، دادو، کشمور، جیکب آباد اور لاڑکانہ اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل سلمان شاہ نے عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضروری مشینری کے ساتھ الرٹ پر رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ حکام نے خبردار کیا کہ تیز ہوائیں اور ممکنہ ژالہ باری کمزور ڈھانچوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
حکام نے یہ بھی کہا کہ مختلف علاقوں میں کھڑی فصلیں نقصان کا شکار ہو سکتی ہیں اور درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ سیاح اور مسافر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔
چیف سیکریٹری سندھ کی صوبے بھر میں انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت متوقع بارشوں کے پیش نظر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بارش کے نئے اسپیل کے حوالے سے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکریٹری سندھ نے تمام انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ عوامی مسائل کا فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔