شکیرا کے مشرقِ وسطیٰ میں کنسرٹس کشیدگی کے باعث ملتوی
کولمبین گلوکارہ شکیرا کا یکم اپریل کو قطر کے دارالحکومت دوحا میں شیڈول کنسرٹ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شکیرا نے اپنے ورلڈ ٹور کے تحت دوحا کے اسٹیڈیم 974 میں ایک خصوصی شو کرنا تھا تاہم اب اس کنسرٹ سے متعلق تفصیلات آفیشل ویب سائٹ سے ہٹادی گئی ہیں۔
اس سے قبل، گریمی ایوارڈ یافتہ عالمی پاپ آئیکون شکیرا کا بھارت میں ہونے والا کنسرٹ ملتوی کردیا گیا تھا۔
انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی صورتحال اور علاقائی کشیدگی کے باعث شکیرا کے کنسرٹ کو آئندہ اعلان تک ملتوی کیا جا رہا ہے۔
’وزٹ قطر‘ کی ویب سائٹ پر اب اس کنسرٹ کی تاریخ ’ٹی بی ایچ‘ یعنی بعد میں اعلان کے لیے درج کر دی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں کنسرٹ بھی ملتوی
ادھرمتحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والا کنسرٹ جہاں شکیرا نے 4 اپریل کو پرفارم کرنا تھا، وہ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے جب کہ ٹکٹ فراہم کرنے والے پلیٹ فارم نے اس کی وجہ واضح نہیں کی۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں سیاسی کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب 28 فروری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف مشترکہ کارروائی شروع کی۔