کراچی: پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث اور سندھ پولیس کو مطلوب ملزم گرفتار
ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے گلشن معمار میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث اور سندھ پولیس کو مطلوب ملزم اظہر علی عرف اظہرو کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزم نے 27 اکتوبر کو ساتھیوں کے ہمراہ لاڑکانہ کے علاقے بقا پور پولیس چوکی پر اپنے ساتھی کو چھڑوانے کیلئے حملہ کیا تھا۔ حملے کے دوران چوکی انچارج مشتاق احمد تنیو کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا جبکہ ملزمان اپنے مطلوب ساتھی کامران عرف صدام کو چھڑوا کر فرار ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تھانہ دڑی سٹی لاڑکانہ میں درج ہے جس میں گرفتار ملزم نامزد اور اشتہاری تھا۔ ملزم حالیہ واردات میں گلشن معمار کے علاقے ہندو گوٹھ میں شہری شاہ ایران کو لوٹ کر فرار ہورہا تھا کہ پولیس نے تعاقب کے بعد اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ بمعہ ایمونیشن، چھینے گئے تین موبائل فون، دو وولٹ اور نقدی رقم برآمد کرلی گئی۔ دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کا گینگ دس افراد پر مشتمل ہے جو قتل، اغواء برائے تاوان اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزم نے چوکی انچارج مشتاق احمد تنیو کو ساتھیوں کے ہمراہ گولیاں مار کر شہید کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل 2020 اور 2021 میں بھی تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے۔