بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات، عالمی امن کیلیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں پر تبادلہ خیال
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اہم ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور پاکستان کی عالمی امن کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال اور پاکستان کی جانب سے کی جانے والی عالمی امن کی سفارتی کوششوں سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے جنگ کے تناظر میں پاکستان کو درپیش ممکنہ مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے وفاقی حکومت کی پالیسی کی تعریف کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کی خارجی اور داخلی سیکیورٹی اور ممکنہ درپیش مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے وفاقی حکومت کی پالیسی اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مشکل حالات میں وفاقی حکومت کی پالیسی کی صحیح سمت متعین کرنے میں وزیر اعظم کی حکمت عملی اور اقدامات کی تعریف کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے شرکت کی۔