ٹانک؛ سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی، دو انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

ہلاک دہشت گردوں پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے،دو اہلکاروں کو شہید کرنے سمیت متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، سی ٹی دی

فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی ڈیرہ ریجن نے معتبر اور قابل عمل انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شیخ اوتار کی حدود تھانہ گومل ضلع ٹانک میں ایک اہم کارروائی کی جس کا مقصد علاقے میں انتہائی مطلوب دہشت گردوں کا فوری خاتمہ اورعوام کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سامنا ہونے پر دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے کا سلسلہ تقریباً 40 منٹ تک جاری رہا جبکہ فائرنگ تھم جانے کے بعد دوران سرچ آپریشن ٹی ٹی پی مشتاق گروپ کے دوانتہائی مطلوب دہشت گرد امداد اللّٰہ اورتوقیر ہلاک پائے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے دو کلاشنکوفیں، 6 میگزین، کارتوس اور2 بینڈولیئرز برآمد ہوئے۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد امداد اللّٰہ اور توقیرگرہ اسلم آئی ای ڈی حملے، جس میں 5 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے، سمیت گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول روڑی میں پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے اور کنوڑی پتن میں پولیس وین کو آئی ای ڈی حملے میں اڑانے میں ملوث تھے جہاں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔

مزید بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گرد اس کےعلاوہ ڈیرہ ٹانک روڈ پر پولیس موبائل پرحملے، ٹانک روڈ پر ججز کانوائے پر حملے سمیت ہیڈ کانسٹیبل عزیز کی ٹارگٹ کلنگ اور کانسٹیبل ریحان کے اغوا اورشہادت میں بھی ملوث رہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر اسپیشل ویپنز اینڈ اسٹرائیک ٹیموں کے جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ ہمارے جوان عوام کے تحفظ کے لیے ہر وقت چوکس اور مستعد ہیں اور اس طرح کے آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

Load Next Story