کفایت شعاری؛ رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ سے 100 ارب روپے کی بڑی کٹوتی

پی ایس ڈی پی میں شامل تمام ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ میں 10 فیصد کمی کی جائے گی

(فوٹو: اے آئی جنریٹڈ)

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے ملکی مالیاتی ضروریات کے پیشِ نظر وفاقی ترقیاتی بجٹ میں سے 100 ارب روپے کی بڑی کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس کٹوتی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے پی ایس ڈی پی میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزارتِ خزانہ ذرائع کے مطابق پی ایس ڈی پی میں شامل تمام ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ میں 10 فیصد کمی کی جائے گی۔ اس اقدام سے مجموعی حجم ایک ہزار ارب سے گھٹ گیا ہے۔

اب رواں مالی سال کے لیے مختص وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم کم ہو کر 900 ارب روپے رہ گیا ہے۔

یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس وقت جاری کفایت شعاری مہم اور مالیاتی استحکام کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر کے عوام کو ریلیف دینے کی خاطر 72 ارب روپے کی بھاری سبسڈی پہلے ہی دے چکی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے حالیہ خطاب میں بھی واضح کیا تھا کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کا بوجھ منتقل کرنے کے بجائے ترقیاتی بجٹ میں کمی کی جائے گی۔ حکومت اسی حکمت عملی کے تحت مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھے ہوئے ہے۔

Load Next Story