جیریز گروپ کا پاکستان میں نئی انٹرنیشنل ایئر لائن لانچ کرنے کا اعلان

اقدام سے پاکستانی مسافروں کو تاشقند کے ذریعے دنیا کے مختلف اہم مقامات تک رسائی حاصل ہوگی

جیریز گروپ نے پاکستان میں نئی انٹرنیشنل ایئر لائن سینٹرم ایئر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا، جس کے تحت پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان فضائی روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

ایئر لائن کا باقاعدہ فلائٹ آپریشن 21 اپریل سے شروع ہوگا، ابتدائی طور پر لاہور سے تاشقند  کے لیے براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔ اس اقدام سے پاکستانی مسافروں کو تاشقند کے ذریعے دنیا کے مختلف اہم مقامات تک رسائی حاصل ہوگی۔

لاہور میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ایوی ایشن اور ٹریول سیکٹر کی اہم شخصیات نے شرکت کی، جہاں روٹ نیٹ ورک اور مستقبل کے منصوبے بھی پیش کیے گئے۔ جیریز گروپ کے مطابق سینٹرم ایئر کم لاگت اور بہتر سہولیات کے ساتھ مسافروں کو سستے سفری نرخ فراہم کرے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ لاہور سے تاشقند پروازوں کے آغاز سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی اور سیاحتی روابط کو مزید تقویت ملے گی اور خطے میں فضائی سفر کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

Load Next Story