گیس سلنڈر لائیں، مہینہ بھر مفت بریانی کھائیں! ریسٹورنٹ کی انوکھی پیشکش وائرل

ریسٹورنٹ نے شہریوں کو دعوت دی ہے کہ کھانا پکانے میں مدد کریں اور بدلے میں مفت کھانے سے لطف اندوز ہوں

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک ریسٹورنٹ نے گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لیے ایک منفرد اور دلچسپ پیشکش متعارف کرا دی ہے۔

ریسٹورنٹ کی جانب سے آویزاں پوسٹر میں شہریوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ کھانا پکانے میں مدد کریں اور بدلے میں مفت کھانے سے لطف اندوز ہوں۔

اس آفر کے تحت اگر کوئی شخص ایک کمرشل ایل پی جی سلنڈر فراہم کرے تو اسے پورے ایک ماہ تک مفت بریانی کھانے کی سہولت دی جائے گی، جبکہ دو سلنڈر دینے والے صارف کو روزانہ دو پلیٹ بریانی فراہم کی جائے گی۔

ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ گیس کی شدید قلت نے ان کے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے اور وہ حالات کے باوجود اپنا کام جاری رکھنا چاہتے ہیں، اسی لیے انہوں نے یہ غیر معمولی پیشکش متعارف کروائی ہے تاکہ ایندھن کی کمی کو کسی حد تک پورا کیا جا سکے۔

یہ دلچسپ آفر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین اسے ایک تخلیقی حکمت عملی قرار دے رہے ہیں۔ دوسری جانب توانائی کے بحران کی شدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس سے قبل ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ کے ایک سرکاری اسپتال کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جہاں ایل پی جی نہ ہونے کے باعث عارضی چولہوں پر کھانا تیار کیا جا رہا تھا۔

ماہرین کے مطابق اگر عالمی سطح پر سپلائی کے مسائل برقرار رہے تو ایسے غیر معمولی اقدامات مزید دیکھنے کو مل سکتے ہیں، کیونکہ توانائی کا بحران روزمرہ زندگی پر گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے۔

Load Next Story