جھانوی کپور کی ڈیپ فیک نامناسب تصاویر، اداکارہ نے اہم انکشاف کردیا

آج بھی میری جعلی فحش تصاویر اور ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، جھانوی کپور

بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک پریشان کن واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کم عمری میں انہوں نے اپنی جعلی تصاویر ایک فحش ویب سائٹ پر دیکھیں، جس نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کردیا تھا۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران جھانوی کپور نے انکشاف کیا کہ یہ واقعہ ان کے اسکول کے زمانے میں پیش آیا، جب وہ آئی ٹی کلاس میں تھیں اور اسی دوران انہیں اپنی ایسی تصاویر نظر آئیں جو حقیقت میں ان کی نہیں تھیں بلکہ مصنوعی انداز میں تیار کی گئی تھیں۔

اداکارہ کے مطابق یہ مواد دراصل ڈیپ فیک جیسا تھا، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا، مگر اس کے باوجود اس نے انہیں کم عمری میں ہی شہرت کے منفی پہلوؤں سے روشناس کرا دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ نہایت تکلیف دہ تھا اور اس نے ان کے ذہن پر گہرا اثر چھوڑا۔

جھانوی کپور نے اس حوالے سے سوال بھی اٹھایا کہ کیا عوامی شخصیت بننے کی قیمت یہی ہے کہ ایسے غیر اخلاقی اور جعلی مواد کو برداشت کیا جائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی ان کی ایسی تصاویر اور ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جو مکمل طور پر جعلی ہیں، مگر بعض اوقات انہیں حقیقت سمجھ کر شیئر کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ کچھ مستند پلیٹ فارمز بھی اس کا شکار ہو جاتے ہیں۔

اداکارہ نے خبردار کیا کہ اس طرح کے مواد سے پیشہ ورانہ مسائل بھی جنم لے سکتے ہیں، کیونکہ مستقبل میں ہدایت کار یا دیگر افراد ایسے جعلی مواد کو بنیاد بنا کر دباؤ ڈال سکتے ہیں۔

جھانوی کپور کے مطابق یہ مسئلہ صرف ان تک محدود نہیں بلکہ دیگر معروف شخصیات بھی اس کا سامنا کر رہی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنے اور ڈیجیٹل رضامندی کے واضح اصول طے کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

Load Next Story