خیبر پختونخوا میں موسلا دھار بارشیں، نشیبی علاقے زیرِ آب، بجلی کا نظام شدید متاثر

گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا یہ سلسلہ 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

پشاور:

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں رات بھر وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث موسم سرد جبکہ سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا یہ سلسلہ 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پشاور میں صبح 9 بجے کے بعد بارش کی شدت میں مزید اضافہ دیکھا گیا، جبکہ شہر کے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

مسلسل بارش کے باعث خیبر پختونخوا میں بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا اور متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ پشاور سمیت مردان، صوابی اور سوات کے شہری علاقوں میں بھی رات سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

دیر لوئر میں بھی تیز بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہا، جس سے دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ شدید بارش کے باعث شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔

Load Next Story