سانحہ گل پلازہ: جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات مکمل، رپورٹ حکومت سندھ کے سپرد

گل پلازہ میں 17 جنوری 2026 کو لگنے والی آگ کے نتیجے میں 73 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے تھے

سانحہ گل پلازہ سے متعلق جوڈیشل کمیشن نے تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ سیکریٹری قانون کے حوالے کر دی۔

کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل نے رپورٹ سیکریٹری قانون کے سپرد کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کے ممبران نے انتہائی محنت سے کام کیا جبکہ میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ سیکریٹری قانون کا کہنا تھا کہ رپورٹ چیف سیکریٹری کو دی جائے گی اور اسے پبلک کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔

گل پلازہ میں 17 جنوری 2026 کو لگنے والی آگ کے نتیجے میں 73 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے تھے، جاں بحق افراد میں 6 کی لاشیں سلامت ملیں جبکہ دیگر شہدا کی باقیات برآمد ہوئیں۔

سندھ حکومت نے 10 فروری کو جوڈیشل کمیشن کے قیام کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور 14 فروری کو کمیشن نے گل پلازہ کا دورہ کیا۔

کمیشن نے مختلف مراحل میں متاثرین، امدادی اداروں، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122، ایدھی، چھیپا، کے الیکٹرک، سوئی گیس حکام، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، کے ایم سی افسران، پولیس حکام، صحافیوں اور عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے۔

تحقیقات کے دوران امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والوں، تکنیکی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں سے بھی جرح کی گئی جبکہ 25 مارچ کو سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔

جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل آج تحقیقاتی رپورٹ حکومت سندھ کے حوالے کریں گے۔

Load Next Story