پنجاب میں قبضہ مافیا کے متاثرین کو مفت قانونی امداد ملے گی
پنجاب میں قبضہ مافیا کے متاثرین کو جائیداد کے کیسز میں مفت قانونی امداد ملے گی۔
پنجاب لیگل ایڈ (ترمیمی) آرڈیننس 2026 پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز پیش کیا گیا، آرڈینینس کے تحت پنجاب لیگل ایڈ ایکٹ 2018 میں ترامیم کر دی گئیں۔
متن کے مطابق جو شخص غیر منقولہ جائیداد کے مالکانہ حقوق کے تحفظ ایکٹ 2025 کے تحت شکایت دے گا اس کو مفت وکیل کا حق حاصل ہو گا، جائیداد سے جبری بے دخل شخص کو ٹریبیونل میں مفت وکیل ملے گا، اس سے پہلے صرف گھریلو جائیداد کے تنازع میں متاثرین کو یہ حق حاصل تھا۔
متن میں کہا گیا کہ بے دخل یا محروم افراد کو ڈیو پروسیس کے تحت قانونی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، بے دخل یا محروم افراد کو لیگل ایڈ ایجنسی کی مدد سے قانونی امداد دی جائے گی، ترامیم ہر فرد کو برابر انصاف دینے کے لئے ضروری ہیں۔
گورنر پنجاب 31 مارچ 2026 کو آرڈینینس کی منظوری دے چکے، آرڈینینس متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا، کمیٹی 2 میں رپورٹ پیش کرے گی، بعد از کمیٹی رپورٹ آرڈینینس ایوان سے منظوری کے بعد باقاعدہ قانونی شکل پائے گا۔