صہیونیوں کی سازشیں پاکستان روک سکتا ہے، امن کے بعد مسلم ممالک کو پہرا دینا ہوگا، خواجہ آصف

پاکستان صہیونیت کے جنگی جنون اور عزائم کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مسلم دنیا کیلیے بھارت اور اسرائیل ازلی دشمن ہیں،

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والا سیز فائر پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم اور قیمتی لمحہ ہے، اس سے ثابت ہوا کہ صہیونیوں کا جنگی جنون پاکستان روکنے کی صلاحیت اور اسے روکنے کی بصارت رکھتا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم دنیا کو یہ بات یاد رکھنی ہے ہمارا ازلی دشمن بھارت اور اسرائیل ہے، امن اور صلح صفائی قائم ہونے کے بعد مسلم ممالک کو اس پر پہرا دینا ہوگا کیونکہ صہیونیت کا اثرو رسوخ عرب ممالک سمیت دنیا بھر میں پھیلا ہوا ہے، پاکستان کے پاس اُس کا مقابلہ کرنے کیلیے ایک اور موقع ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ٹرمپ نے 60 70 بار بھارت کیخلاف پاکستان کی فتح کا تذکرہ کیا اور تصدیق کی، آج بھارت میں بھی اس کا ذکر کیا جارہا ہے اور اب یہ بھی باتیں ہورہی ہیں کہ پاکستان نے بھارت سے زیادہ سفارتی برتری حاصل کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو سال میں پاکستان کا قد بڑا ہے، ہم طالبان کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں، جنہیں تین دہائیاں پالا اُن کے ہاتھ ہمارے گریبان پر ہیں مگر ہماری افواج وہاں بھی بہادری کے ساتھ لڑ رہی ہیں، جس کے بعد طالبان کا جارحیت کا موڈ کم ہوگیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں ملنے والی کامیابی سے بھارت کے علاوہ سب خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن بھارت کو دھول چٹائی جس پر دنیا نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو مبارک باد دی اور دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔

وزیردفاع نے کہا کہ ایران اور امریکا کی جنگی بندی کیوجہ سے آج خوشی کا دن اور تاریخ ساز لمحہ ہے، اللہ تعالیٰ کی ذات ہمارے لیے مستقبل میں دروازے کھولے گی، جب نیت صاف ہو تو اللہ تعالیٰ انعامات کی بارش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس جنگ بندی کی ساری دنیا تعریف کررہی ہے، جنہیں یہ نہیں پاتا تھا دنیا کے نقشے پر پاکستان ہے وہ بھی تعریف کررہے ہیں، یہ کامیابیاں ہماری شناخت بن گئی ہیں اور یہ قیادت کی بصیرت، قوم کے اتحاد کی وجہ سے ممکن ہوئیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم سفارت کاری کا بڑا ورثہ چھوڑ کر جارہے ہیں اللہ ان کامیابیوں کو جاری رکھے کیونکہ اسی میں ملک کی بقا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی 75 سالہ تاریخ میں غلطیاں ہیں، دو سال کی تاریخ بتا رہی ہے وہ اب فخر سے اپنی شناخت بتا رہے ہیں، اس کی وجہ پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست اور ساری دنیا کی تمناؤں کا مرکز ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ خلیج فارس، ہرمز کھلے گی، تیل اور گیس کی ترسیل ہوگی، دونوں طرف ہمارے بھائی ہیں اور ہمیں دونوں اتنے ہی عزیز ہیں، ہم بھائیوں میں صلح کا کردار اسلامی تعلیمات کے مطابق ادا کررہے ہیں اور اس کے مستقبل میں بہت فوائد ملیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس سے بڑا لمحہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آیا، آج ثابت ہوگیا کہ پاکستان صہیونیوں کا جنگی جنون روکنے کی صلاحیت اور بصیرت رکھتا ہے، مسلم دنیا کو یہ بات یاد رکھنی ہے ہمارا ازلی دشمن بھارت اور اسرائیل ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ معاشی مشکلات میں گزشتہ 15 روز میں مزید اضافہ ہوا، اتنی مشکل میں ہیں کہ سر ڈھانپتے تھے تو پاؤں اور پاؤں ڈھانپ رہے تھے تو سر ننگا ہورہا تھا، مہنگائی کا طوفان ہمیں اوور ٹیک کرچکا ہے جس کے امکانات اور بھی زیادہ تھے، اللہ کرے 25 کروڑ عوام اور جہاں بھی اس کے اثرات جارہے تھے ان کی مشکلات کم ہوں۔

متعلقہ

Load Next Story