لاہور: ایل پی جی کی قیمت 500 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی
لاہور: شہر میں ایل پی جی کی قیمت 500 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی جس کے باعث گھریلو صارفین کے لیے گیس کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔
دکانداروں کے مطابق مختلف علاقوں میں ایل پی جی 500 سے 510 روپے فی کلو گرام تک فروخت ہو رہی ہے جبکہ انہیں سپلائی 480 سے 490 روپے فی کلو کے حساب سے مل رہی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ تقریباً 304 روپے فی کلو کے قریب ہیں، ایسے میں اس قیمت پر فروخت ممکن نہیں۔ ان کے مطابق مہنگی ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے جس سے صارفین پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایل پی جی مافیا نے قیمتیں بڑھا کر اربوں روپے کما لیے ہیں جبکہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اوگرا فوری کارروائی کرے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔